عوام کی خدمت ان کے لیے عبادت کا درجہ رکھتی ہے،علی مدد جتک

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک سے قبائلی و علاقائی معتبرین، پارٹی ورکرز اور حلقہ انتخاب کے عوام کی بڑی تعداد نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کے لیے عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور وہ اپنے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں متعدد ترقیاتی اسکیمیں شروع کی جا چکی ہیں جن کی تکمیل سے عوامی فلاح کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بعد ازاں حاجی علی مدد جتک نے کلی نیچاری سریاب میں اپنے ترقیاتی فنڈ سے مکمل ہونے والے ٹیوب ویل کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں قبائلی عمائدین، علاقہ مکینوں اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کلی نیچاری کے عوام کو پانی کی قلت کے مسئلے سے نجات دلانے کے لیے یہ منصوبہ شروع کیا گیا۔ عوام و عمائدین نے حاجی علی مدد جتک کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے سینکڑوں گھرانے صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ حاجی علی مدد جتک نے حکام کو ہدایت کی کہ ٹیوب ویل کی باقاعدہ دیکھ بھال اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
