عوام اپنے حلقوں میں ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی اور حکمت عملی پلان کرنے میں مدد کریں،عوامی مشکلات میں ازالے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں،حاجی ولی محمد نورزئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا ہے کہ عوام اپنے حلقوں میں ترقیاتی ضروریات کی نشاندہی اور حکمت عملی پلان کرنے میں مدد کریں،عوامی مشکلات میں ازالے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں،ہمیں روایتی سیاست سے ہٹ کر غریبوں کو مستقل بنیادوں پر اٹھانے کیلئے کام کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر حلقہ انتخاب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی نورزئی نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقے کی ترقی اور لوگوں کی مشکلات دور کرنے کیلئے کام کریں،کیونکہ ہم نے مشترکہ طور پر غریب لوگوں کے مسائل حل کرنے پر بھرپور توجہ مرکوز کرنی ہے اور انہیں یہ اعتماد دلانا ہے کہ ہم انکے حقوق کے حقیقی محافظ ہیں،اور ہم انکے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے،ولی محمد نورزئی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وسائل کا ضیاع روک دیا ہے کفایت شعاری کے نتیجے میں حاصل ہونے والی بچت لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائیگی،انہوں نے یقین دلایا کہ حلقے اور علاقے کی تعمیرنو و بحالی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور رہیگی،جبکہ دور دراز کے تمام علاقوں کے عوام کو ترقی کے دہارے میں لایا جائیگا،انہوں نے صوبے کے تمام اضلاع کے دورے جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا تاکہ وہ خود زمینی صورتحال کا جائزہ لے سکیں،اور لوگوں کے حقیقی مسائل سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں،جبکہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے طول و عرض میں عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے،جس سے مستقبل قریب میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا,پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی محمد نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے،اور مزید یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں میرٹ اور شفافیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،کیونکہ ان کے نزدیک شفافیت حکمرانی کیلئے رہنما اصول ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ترقی و فلاح کے سلسلے میں حقیقی مسائل سے باخبر رہنا چاہتے ہیں،انہوں نے وفد کو تمام درپیش مشکلات و مسائل کو ممکنہ حد تک تیز رفتاری سے حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم جلد ہی ان چیلنجز پر قابو پا لیں گے،جبکہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اجتماعی کاوشوں کے ذریعے عوامی خدمات کے اہداف کا جلد حصول ممکن بنائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert