نان ٹیکس ریونیو میں ریکارڈ اضافہ۔صرف 3 ماہ میں 3 ہزار 46 ارب روپے وصول، پیٹرولیم لیوی میں 110 ارب کا اضافہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارتِ خزانہ نے مالی سال 2024-25 کے پہلے تین ماہ میں نان ٹیکس ریونیو سے حاصل ہونے والی آمدن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال نان ٹیکس ریونیو کا مجموعی ہدف 5 ہزار 147 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے صرف تین ماہ میں ہی 3 ہزار 46 ارب روپے وصول کر لیے گئے۔ گزشتہ سال اسی مدت میں نان ٹیکس آمدن کا حجم 3 ہزار 51 ارب روپے تھا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 371 ارب 60 کروڑ روپے وصول کیے گئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 110 ارب روپے زیادہ ہیں۔ اسی عرصے میں کاربن لیوی سے 10 ارب 19 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا منافع 2 ہزار 428 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پاسپورٹ فیس کی مد میں 14 ارب اور گیس سرچارج کے تحت 7 ارب 94 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ صوبائی و وفاقی اداروں نے 27 ارب روپے سے زائد مارک اپ وصول کیا، جس میں تیل و گیس کی رائلٹی، پیٹرولیم لیوی اور گیس ڈیولپمنٹ سیس کی مدیں شامل ہیں۔
