ستائیسویں آئینی ترمیم :جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے 2/2سینیٹرز سے پارٹی قیادت کا رابطہ منقطع

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ستائیسویں آئینی ترمیم کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے اندر اختلافات اور رابطوں میں تعطل پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دو سینیٹرز سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے، جن میں ایک کا تعلق بلوچستان جبکہ دوسرے کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے سینیٹرز کو واضح ہدایت جاری کی ہے کہ کوئی بھی رکن ترمیم کے حق میں ووٹ نہ دے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا بھی اپنے دو سینیٹرز سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سینیٹر سیف اللہ ابڑو (سندھ) اور سینیٹر فیصل سلیم الرحمان (خیبر پختونخوا) سے پارٹی کا رابطہ منقطع ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سیف اللہ ابڑو نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے باوجود قائمہ کمیٹیوں سے استعفے نہیں دیے تھے جبکہ فیصل سلیم الرحمان 26ویں ترمیم کے وقت بھی پارٹی سے غیر رابطہ تھے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی قیادت اپنے سینیٹرز سے رابطہ بحال کرنے اور 27ویں ترمیم پر اپنے مؤقف کے مطابق ووٹ یقینی بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
