خضدار، فیروز آباد سرخ چڑہائی پر شدید حادثہ، پک اپ اور ڈمپر میں تصادم، 3 افراد جاں بحق
مرد، خواتین اور ایک بچہ بھی شامل، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم، مقامی انتظامیہ نے تفتیش کا آغاز کر دیا

خضدار(قدرت روزنامہ)سی پیک شاہراہِ فیروز آباد سرخ چڑہائی کے مقام پر گزشتہ روز ایک شدید حادثہ پیش آیا، جب پک اپ اور ڈمپر کے درمیان تصادم ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جن میں مرد، خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پک اپ میں سوار متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
جان بحق ہونے والوں کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔مقامی انتظامیہ نے واقعے کے بعد فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں اور مستقبل میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
