بلوچستان میں قحط سالی پر گہری تشویش کا اظہار، ، وزیر اعلی بلوچستان کے ترقیاتی دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں، سردار یار محمد رند


گنداواہ (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے گنداواہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان خصوصا کچھی اور جھل مگسی میں جاری شدید قحط سالی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قحط سالی نے صوبے میں زراعت اور مالدار طبقے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہیں جبکہ حکومت اس سنگین مسئلے پر مکمل خاموش ہے۔سردار یار محمد رند نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم جمہوریت کے لیے بدقسمتی ثابت ہوئی ہے، اس سے نہ صرف جمہوری نظام کمزور ہوا بلکہ عوامی نمائندگی کے تصور کو بھی نقصان پہنچا۔ انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان کے ایک ایک ارب روپے کے ترقیاتی دعووں کو غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں جھل مگسی اور گنداواہ کی سڑکیں دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ علاقے اب بھی صدیوں پرانے دور میں ہیں۔انہوں نے تین روزہ بس سروس کی بندش کے فیصلے کو عوام دشمن اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ سردار یار محمد رند نے بھاگ کے واقعہ کو حکومت کی مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے شہید ایس ایچ او کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنا صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں کی ذمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے دونوں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہیں۔

WhatsApp
Get Alert