ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: پی ٹی آئی کی اسلام آباد اور وانا میں دہشتگردی کی مذمت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی عدالت کے باہر خودکش حملے اور وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے شعبہ نشرواشاعت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن، قانون اور انسانی جانوں کے خلاف سنگین جرم ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ شہدا کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو صحتِ کاملہ عطا کرے، اور متاثرہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ دے۔
پاکستان تحریکِ انصاف اس موقع پر سیکیورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ کے بروقت ردِعمل کو سراہتی ہے جنہوں نے وانا کیڈٹ کالج میں طلبہ کو محفوظ رکھا اور بڑی تباہی کو ٹال دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے واضح کرتے ہیں کہ پاکستان کے دشمن خواہ اندرونی ہوں یا بیرونی ملک کو دوبارہ غیر یقینی اور خوف میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف ملکی سلامتی، عوام کے تحفظ اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرےگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں ریاست ایک جامع اور مؤثر انسداد دہشت گردی پلان اور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ اس ناسور کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ممکن ہو۔ اللہ وطنِ عزیز کو امن و امان، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے۔
