بلوچستان حکومت کا بڑا اقدام، پنجاب جانے والی قومی شاہراہ پر ہر قسم کی ٹریفک بند

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر پنجاب جانے والی قومی شاہراہ این-70 پر ہر قسم کی ٹریفک کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق لورالائی سے گزرنے والی قومی شاہراہ این-70 پر ٹرانسپورٹ، نجی گاڑیاں اور ٹیکسی سروس سمیت تمام قسم کی ٹریفک 12 نومبر سے 14 نومبر تک معطل رہے گی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی بندش کا فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ داخلہ نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں اور حکومت کے فیصلے پر تعاون کریں۔ شاہراہ کی بندش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
