حج قرعہ اندازی میں 3 بہن بھائیوں کا نام ایک ساتھ نکلنے پر جذباتی مناظر، ویڈیو وائرل


قاہر(قدرت روزنامہ)مصر میں پیش آنے والا ایک روح پرور اور جذباتی واقعہ سوشل میڈیا پر دلوں کو چھو گیا۔ حج 2026 کی قرعہ اندازی کے دوران تین بہن بھائیوں کا ایک ساتھ نام نکل آیا تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ لمحہ ایسا تھا کہ خوشی کے آنسو بہہ نکلے، اور وہاں موجود ہر شخص اس منظر سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب بڑے بھائی نے اپنی بہن کا نام قرعہ اندازی میں سن کر شکرانے کے طور پر سجدہ کیا۔ جذبات سے لبریز اس لمحے میں اگلا نام انہی کا پکارا گیا، اور پھر سب سے چھوٹی بہن کا بھی نام نکل آیا۔ تینوں بہن بھائی ایک دوسرے سے لپٹ کر رو پڑے کہ وہ سب ایک ساتھ اللہ کے گھر کے مہمان بننے جا رہے تھے۔


یہ منظر نہ صرف وہاں موجود لوگوں کے لیے ناقابلِ فراموش بن گیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا، جہاں ہزاروں صارفین نے اس جذباتی لمحے پر خوشی اور عقیدت کا اظہار کیا۔
مصر میں ہر سال حج کے لیے قرعہ اندازی کا نظام لاکھوں درخواست دہندگان میں سے محدود نشستوں کے انتخاب کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس بار کی قرعہ اندازی میں یہ واقعہ خوش قسمتی اور ایمان کی ایک منفرد مثال بن گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2023 میں مراکش کی چار معمر بہنیں عائشہ، فاطمہ، حلیہ اور خدیجہ کا بھی ایک ساتھ حج کے لیے نام نکلا تھا، جس کی ویڈیو اسی طرح سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

WhatsApp
Get Alert