نیشنل پارٹی اپنے شہدا کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بناکر سیاسی و جمہوری جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے،نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی برسی کے موقع پر ان کی قومی، وطنی، سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ ایک عظیم سیاسی رہنماء اور نظریاتی استاد تھے، جنہوں نے اپنے علم، عمل اور عزم سے بلوچستان میں سیاسی شعور کو نئی جہت دی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسین بلوچ نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور ساحل و وسائل کے دفاع کے لیے وقف کیا۔ وہ ایک ایسے کمٹڈ سیاسی رہنمائ￿ تھے جنہوں نے نظریاتی سیاست کی بنیاد مضبوط کی اور سیاسی کارکنوں کی ایسی قیادت تیار کی جو آج بھی ہر طرح کے خوف اور سمجھوتے سے بالاتر ہوکر عوامی حقوق، جمہوریت اور صوبے کے وسائل کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ 12 نومبر 2015 کو ایک افسوسناک حادثے نے بلوچستان کی سیاسی دنیا کو ایک بااصول اور باکردار رہنماء سے محروم کردیا۔ ان کی کمی تو کبھی پوری نہیں ہوسکتی لیکن ان کے نظریات، جدوجہد اور عوامی وابستگی ہمیشہ کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اپنے شہدا کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بناکر سیاسی و جمہوری جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ پارٹی کی پالیسی کا محور ہمیشہ سے عوام کے حقوق، صوبے کی خودمختاری، وسائل پر اختیار اور ایک جمہوری، پرامن بلوچستان کا قیام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی زندگی اس بات کا مظہر ہے کہ سچی قیادت وہی ہے جو عوام کے دکھ درد میں شریک ہو اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرے نیشنل پارٹی ان کے نظریاتی ورثے کی وارث ہے اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی جمہوری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک بلوچستان کے عوام کو ان کے وسائل، شناخت اور حقوق پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہوجاتا۔

WhatsApp
Get Alert