“عدالتی احتساب میں نیا دور: بلوچستان ہائی کورٹ نے عدلیہ سے متعلق شکایات کے لیے واٹس ایپ نمبر اور ای میل ایڈریس جاری کر دیا”
کوئٹہ: شہری عدالتی افسران اور عملے کے خلاف ویڈیو سمیت شکایات درج کرا سکتے ہیں، صبح 9 تا 4 بجے تک رابطہ ممکن

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ نے عدالتی نظام میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک مخصوص واٹس ایپ نمبر اور ای میل ایڈریس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اقدام ہائی کورٹ آف بلوچستان نے 13 نومبر 2025 کو ایک میمورنڈم کے ذریعے کیا ہے ۔
عوام کو ضلعی عدلیہ کے جوڈیشل افسران، کورٹ اسٹاف/افسران اور ہائی کورٹ کے عملے سے متعلق شکایات درج کرانے کی ترغیب دی گئی ہے ۔واٹس ایپ نمبر: 0335-0926534 ای میل ایڈریس: complaints@bhc.gov.pk شکایتی سیل سے واٹس ایپ کے ذریعے صبح 09:00 بجے سے شام 04:00 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ شہری اپنی شکایات ٹیکسٹ میسجز ، خطوط/درخواستوں (ورڈ یا پی ڈی ایف میں) ، یا تصویری فارم میں جمع کرا سکتے ہیں۔ مزید برآں، شکایات کی تصدیق کے لیے ویڈیوز سمیت معاون دستاویزات بھی منسلک کی جا سکتی ہیں ۔
ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ مواصلاتی چینلز پر وائس کالز یا وائس نوٹس کی حمایت نہیں کی جاتی ۔ اگر مزید وضاحت درکار ہوئی تو ہائی کورٹ فراہم کردہ ٹیلی فون نمبر پر سرکاری نمبروں (081-9202530/081-9201649) سے براہ راست رابطہ کرے گی ۔
