جعفر ایکسپریس اور بولان میل پانچویں روز بھی معطل، بلوچستان کی ٹرین سروسز بند رہنے سے ہزاروں مسافر پریشان
سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان ریلویز نے بلوچستان سے دیگر صوبوں کی تمام ٹرینیں 13 نومبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا

ریفنڈ کا عمل سست، کرایوں میں اضافہ، مسافروں کی شکایات، ریلوے حکام نے تازہ معلومات کے لیے انکوائری سے رجوع کی اپیل کی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان ریلویز نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بلوچستان سے دیگر صوبوں کے لیے تمام ٹرین سروسز معطل کر رکھی ہیں، جس کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی جانے والی بولان میل مسلسل پانچویں روز بھی بند رہیں۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین آپریشن 13 نومبر تک بحال نہیں ہوگا۔
ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ “یہ اقدام مکمل طور پر سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، سروس فوری بحال کر دی جائے گی۔”ٹرین سروس کی بندش سے ہزاروں مسافر متاثر ہو رہے ہیں جنہیں متبادل ٹرانسپورٹ استعمال کرنی پڑ رہی ہے۔
مسافروں نے شکایت کی ہے کہ ٹکٹ منسوخی کے باوجود ریفنڈ کا عمل انتہائی سست ہے جبکہ دوسری جانب بس اور ویگن کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر موجود مسافروں نے حکومت اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرین سروس فوری بحال کی جائے اور متاثرہ مسافروں کو ریفنڈ اور کرایوں میں ریلیف فراہم کیا جائے۔
