کوئٹہ اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی، درجہ حرارت منفی دو سے منفی چار سینٹی گریڈ تک گر گیا

گیس کی قلت نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں، بزرگ، بچے اور مریض سب سے زیادہ متاثر


شہری حکومت سے فوری نوٹس اور متبادل توانائی ذرائع کی فراہمی کا مطالبہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی نئی لہر نے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر کر دی ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی دو (2) سینٹی گریڈ، زیارت میں منفی چار (4) اور قلات میں منفی تین (3) ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت مزید دو سے تین ڈگری تک گرنے کا امکان ہے اور شدید ٹھنڈ اور کہر میں اضافہ متوقع ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری جانب کوئٹہ میں گیس کی قلت نے سرد موسم میں شہریوں کے مسائل کئی گنا بڑھا دیے ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے اور رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث کھانا پکانا، پانی گرم کرنا اور گھروں کو گرم رکھنا انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔ ب
زرگ، بچے اور مریض اس صورتحال سے خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ نزلہ، زکام، بخار، کھانسی اور دل کے امراض میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔شہریوں نے بتایا کہ اگرچہ گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو کوئٹہ میں گیس پریشر بحال کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم تاحال کوئی عملی بہتری نہیں آئی۔ شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس اور گیس کی فراہمی کو معمول پر لانے کے ساتھ ساتھ متبادل توانائی ذرائع جیسے ایل پی جی اور بجلی کی دستیابی بھی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سردی میں عوام کو ریلیف مل سکے اور بیماریوں کے پھیلا کو روکا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert