وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد، رائے شماری کیلئے اجلاس کل طلب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف پیپلز پارٹی کی تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر رائے شماری کے لیے پیر کو آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کی وزارتِ عظمی کے لیے 35 سے زائد ووٹوں کی حمایت کا دعویٰ کردیا۔
تحریک انصاف نے اِن ہاؤس تبدیلی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، صدر پی ٹی آئی عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 14 لوٹوں سے حکومت بنانا پیپلز پارٹی کی کیسی جمہوریت ہے؟
جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے رائے شماری میں غیر جانب دار رہنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم انوارالحق تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے اور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ادھر چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے آزاد کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے، عوامی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھائیں تاکہ عوامی مسائل سے آگاہ رہیں۔
