ناقص حکمت عملی ‘ کوئٹہ کے لاکھوں شہریوں کی زندگی عذاب : سیکورٹی کے نام پر سڑکیں بند، شہری محصور

وزیر اعلیٰ ہائوس کی سیکورٹی کیلئے زرغون روڈ کے بعد انسکمب روڈ بھی بند کردیا گیا ‘ عوام کا عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ حالیہ یک طرفہ سیکیورٹی اقدامات کے باعث عملی طور پر ایک سیکورٹی زون کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں سیکیورٹی خدشات کے نام پر شہر کی اہم شاہرائیں بغیر کسی پیشگی اطلاع یا عوامی مشاورت کے بند یا انتہائی محدود کر دی گئی ہیں۔
ان پالیسیوں پر عوامی حلقوں اور ناقدین کی جانب سے میر سرفراز بگٹی حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جن کا کہنا ہے کہ حکومتی ناکامیوں کا بوجھ لاکھوں شہریوں کی روزمرہ کی زندگی کو مفلوج کر کے ڈالا جا رہا ہے۔ شہر کے دل میں واقع انسکمب روڈ کو یک لخت یک رویہ (One Way) کرنے سے سول ہسپتال تک مریضوں، خصوصاً ایمرجنسی کیسز کی بروقت رسائی انتہائی مشکل ہو چکی ہے، جبکہ اسی روڈ پر واقع کوئٹہ کچہری، سیشن کورٹ، کمشنر آفس، اور ڈی سی آفس جانے والے وکیل، سرکاری ملازمین اور عام سائلین کا ان دفاتر تک پہنچنا طویل اذیت بن چکا ہے۔
اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ ہاؤس کے پیچھے والی سڑک، حالی روڈ اور ماڈل ٹاؤن کو بھی محدود کرنے سے ٹریفک کا مکمل نظام درہم برہم ہو گیا ہے، جس کے بعد شہریوں نے عدالت عالیہ سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاکھوں شہریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی کا فوری نوٹس لے اور عوام کے لیے کھلی سڑکیں بحال کرنے کے احکامات جاری کرے۔

WhatsApp
Get Alert