“بلوچستان : پرونشل سلیکشن بورڈ ون کا اہم اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے پھر ملتوی، سینکڑوں افسران میں مایوسی”

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں سرکاری افسران کی ترقیوں سے متعلق اہم فورم پرونشل سلیکشن بورڈ ون (PSB-I) کا اجلاس ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیا گیا ہے، جس کے باعث مختلف محکموں کے سینکڑوں سرکاری افسران میں شدید مایوسی اور بیچینی پھیل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، گریڈ 18 اور اس سے اوپر کے افسران کی ترقیوں کے لیے یہ اجلاس طویل عرصے کے تعطل کے بعد چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی سربراہی میں 12 نومبر 2025 کو منعقد ہونا تھا، تاکہ متعدد محکموں کے افسران کی اگلے گریڈ میں ترقیوں کے کیسز پر غور کیا جا سکے۔ تاہم، اجلاس کو ایک بار پھر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے اور حکام نے صرف یہ بتایا ہے کہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ترقیوں کے منتظر سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ ترقی ان کی بنیادی حق ہے، مگر صوبے میں اس معاملے میں مسلسل تاخیر سے انتظامی ڈھانچے میں بے اعتمادی اور غیر یقینی کی کیفیت بڑھ رہی ہے۔ افسران نے صوبائی حکام اور اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پرونشل سلیکشن بورڈ ون کا اجلاس فوری انعقاد یقینی بنایا جائے تاکہ افسران میں پائی جانے والی بیچینی کا خاتمہ ہو سکے اور سرکاری نظام اپنی مؤثر کارکردگی جاری رکھے۔
