“ریڈ زون صوبائی انتظامی مرکز ہے، کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: آئی جی پولیس محمد طاہر کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت”

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے حساس ترین علاقے ریڈ زون میں سیکیورٹی کی صورتحال کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے لیے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پیر کے روز ایک اہم دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈی آئی جی کوئٹہ، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران آئی جی پولیس نے ریڈ زون میں قائم مختلف ناکہ جات، گشت کے نظام، ہتھیاروں کی جانچ، اور سی سی ٹی وی کوریج کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے سول سیکریٹریٹ کے اندرونی و بیرونی حصوں کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں حساس دفاتر، وزیٹر مینجمنٹ، واک تھرو گیٹس اور کنٹرول روم کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ آئی جی محمد طاہر نے افسران کو سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے واضح کیا کہ “ریڈ زون صوبائی حکومت کا انتظامی و سیاسی مرکز ہے، یہاں سکیورٹی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
” انہوں نے سمارٹ پولیس اسٹیشن اور سول لائن تھانہ کا دورہ کر کے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ریڈ زون سمیت پورے شہر میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔”
