گورنر بلوچستان سے آل پارٹیز کانفرنس وفد کی ملاقات: عجلت میں بلدیاتی انتخابات، گیس/بجلی بندش اور انٹرنیٹ کی معطلی پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے آج گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے وفد نے ایک تفصیلی ملاقات کی۔ جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس اور ضلعی سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نے نمائندگی کی۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو کوئٹہ میں عجلت میں منعقد کیے جانے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے عوام کو درپیش قانونی، انتظامی اور فنی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ انتخابات آئین و قانون کے تقاضوں کے عین مطابق شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد کیے جائیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کے رہنماؤں نے مزید گیس و بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، انٹرنیٹ سروس کی مسلسل بندش، امن و امان کی صورتحال اور دیگر سنگین عوامی مسائل کی طرف بھی گورنر کی توجہ مبذول کرائی۔ گورنر بلوچستان نے وفد کے تحفظات اور مطالبات کو غور سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ انتخابی عمل کو قانون کے مطابق یقینی بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
