“کوئٹہ ‘پتھر کے زمانے’ میں:’شاہراہیں، انٹرنیٹ، بجلی، گیس بند ، عوام اذیت سے دوچار، پشتونخوامیپ کا عدلیہ سے نوٹس کا مطالبہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبے بالخصوص کوئٹہ میں نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے، شاہراہیں ، انٹرنیٹ سروس ، بجلی ، گیس کی بندش کے باعث تمام عوام ذہنی کوفت کا شکار اور پتھر کے زمانے میں زندگی گزارنے پر مجبورہوچکے ہیں۔ فارم 47کی حکومت کی جانب سے غیر آئینی ،غیر جمہوری اقدامات ، خوف وہراس کا ماحول پیدا کرنے اور عوام کے سرومال کی تحفظ پر مامور سیکورٹی فورس سرکاری خزانے سے سالانہ اربوں روپے لینے کے بعد عوام کی تضحیک وتذلیل اور اذیت کا سبب بن رہے ہیںجس کی پشتونخواملی عوامی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ میں اندرون شہر اور اطراف کی تمام شاہراہوں کو بحال کرتے ہوئے سیکورٹی کے نام پر جاری ناروا طرز عمل کو فوری طورپر ترک کیا جائے اور عوام کو ملک کے آئین کے مطابق دیئے گئے تمام تر انسانی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جس طرح موجودہ حکومت کا وجود غیر آئینی ،غیر قانونی ہے اسی طرح ان کی طرز حکمرانی بھی غیر آئینی ، غیر قانونی وغیر جمہوری ہے ۔ ناقص طرز حکمرانی کے باعث آج عوام ہر شعبہ زندگی میں سخت مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ عوامی خدمت پر مامور تمام اداروں کو کرپشن ، کمیشن ، پرسنٹیج کے ذریعے مفلوج بنایا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف شاہراہوں کو ون وے کردیا گیا ہے ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، چمن ، لورالائی،ہرنائی ،زیارت، موسیٰ خیل ، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ اور خیبر پشتونخوا وپنجاب سے آنیوالے ٹریفک کو کچلاک ہائی وے اور بلیلی کے مقام پرروکا گیا ہے اور شاہراہ کو ون وے کرکے بلیلی سے لیکر کوئٹہ شہر تک مختلف 6سے زائد مقامات پر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے قائم ناکوں پر تلاشی کے لیے روکا جاتا ہے اور گھنٹوں گھنٹوں لمبی قطاروں میں ہزاروں گاڑیاں اور کوئٹہ شہر کے 30لاکھ سے زائد عوام کو اذیت سے دوچار کیا جارہا ہے جس میں مریض ، ضعیف العمر افراد ، خواتین وبچے ، طلباء وطالبات ، سرکاری ونجی ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ معزز چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ،گورنر صاحب، وزیر اعلیٰ صاحب، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس شاہراہوں ، گیس ، بجلی ، انٹرنیٹ کی بندش ، سیکورٹی کے نام پر عوام کو تنگ کرنے کے ناروا عمل وناکوں کا نوٹس لیکر عوام کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے کے لیے فوری طورپر تمام شاہراہوں کی بحالی، سیکورٹی کے ناکوں کے خاتمے اور انٹرنیٹ سروس، بجلی ، گیس سمیت انسانی زندگی کی تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

WhatsApp
Get Alert