کینیڈا جانے کے خواہشمند پاکستانی خبردار! اہم ایڈوائزری جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کینیڈا جانے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے امیگریشن، ریفیوجیز اور سٹیزن شپ کینیڈا (IRCC) نے اہم ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ ویزا فراڈ اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں کینیڈین ہائی کمیشن کے نام پر فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ہائی کمیشن نے شہریوں کو خبردار کر دیا ہے۔
آئی آرسی سی نے واضح کیا ہے کہ بطور رہائشی، ہر فرد کو کینیڈین قانون کے تحت حقوق اور آزادیاں حاصل ہیں ، یہ ایڈوائزری اسلام آباد میں کینیڈین ہائی کمیشن کی جانب سے جاری وضاحت کے بعد سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا کہ کچھ افراد نے جعلی گوگل میپس نمبرز کے ذریعے قونصلر یا ویزا اپوائنٹمنٹ کے نام پر 250 سے 450 یورو وصول کرنے کی کوشش کی۔
کینیڈین ہائی کمیشن نے شہریوں کو خبردار کیا کہ IRCC کے افسر کبھی بھی ای میل، فون یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے ادائیگی نہیں مانگتے، تمام فیس صرف سرکاری ویب پورٹل کے ذریعے آن لائن ادا کی جا سکتی ہیں۔
ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا کہ کینیڈا پہنچنے کے بعد غیر ملکی شہری کئی طرح کے فراڈ کا شکار ہو سکتے ہیں، جن میں خود کو حکام ظاہر کرنے والے، فشنگ ای میلز، جعلی انعامات، ٹیکس فراڈ اور کمپیوٹر وائرس شامل ہیں۔
آئی آرسی سی نے واضح کیا کہ کوئی بھی غیر ملکی شہری کو نوکری، ویزا یا مستقل رہائش کی ضمانت نہیں دے سکتا، صرف اہل امیگریشن افسر ہی یہ فیصلے کرتے ہیں۔
شہری فراڈ کو درج ذیل علامات سے پہچان سکتے ہیں جیسے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کروانا، فوری ادائیگی کا دباؤ، ویسٹرن یونین یا گفٹ کارڈ کے ذریعے رقم مانگنا، گرفتاری یا ملک بدری کی دھمکیاں، خصوصی رعایت یا تیز رفتار پروسیسنگ کے جھانسے، اور فری ای میل سروسز یا سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ۔
ادارے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں، کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں ۔
