بلوچستان اسمبلی ‘ بجلی و گیس کی بندش پر رکن اسمبلی آغا عمر احمد زئی کا واک آؤٹ
کوئٹہ میں سڑکوں پر توڑ پھوڑ پر اسپیکر نے کمشنر کوئٹہ طلب کرلیا"

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سریاب میں بجلی اور گیس کی مسلسل عدم فراہمی پر رکن اسمبلی آغا عمر احمد زئی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی شاہدہ روف نے ایوان کی توجہ شہر کی سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کی طرف مبذول کرائی، جس پر اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے کمشنر کوئٹہ کو جمعرات کے روز چیمبر میں طلب کرلیا۔
آغا عمر احمد زئی نے کہا کہ سریاب کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے اور مسلسل بجلی و گیس کی عدم فراہمی شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ حکومتی رکن اسمبلی علی مدد جتک نے بھی تسلیم کیا کہ سریاب اور کوئٹہ میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اس معاملے پر اسپیکر نے کورم پورا نہ ہونے کے باوجود فوری کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو طلب کر لیا تاکہ شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
