“وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد، ذاتی عناد پر فیصلہ نہیں کیا جاتا: صوبائی وزیر میر صادق عمرانی کا موقف”


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو غلط اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ انہوں نے بدھ کی رات بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو وزیراعلیٰ سے ذاتی عناد ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ذاتی خواہشات پر وزیراعلیٰ کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ میر صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی جمہوری جماعت ہے، جس کے فیصلے منظم انداز میں پارٹی کے فورمز اور قائدین کرتے ہیں اور اب تک پارٹی نے بلوچستان میں کسی قسم کی تبدیلی کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert