پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اڈیالہ جیل واقعے پر شدید ردعمل، 27ویں آئینی ترمیم اور وفاقی و پنجاب حکومت کے رویے کے خلاف جمعہ کے روز احتجاج کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نےاڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والے واقعے کو شرمناک، ناقابلِ برداشت اور ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ بانی چیئرمین کی بہنیں غیر سیاسی ہیں اور ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا غیر انسانی اور قابلِ نفرت سلوک ناقابلِ معافی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی غیر معمولی اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں اسپیکر بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان، صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، 27ویں آئینی ترمیم، اور وفاقی و پنجاب حکومت کے اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ جاری اعلامیے میں بانی چیئرمین کی تینوں بہنوں، صوبائی وزیر مینا خان، رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی شدید ترین مذمت کی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت، وزرا اور اراکین اسمبلی کی تذلیل کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر ایسے اقدامات جاری رہے تو خیبر پختونخوا مناسب آئینی اور سیاسی ردعمل دینے کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے۔
پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم، وفاقی اور پنجاب حکومت کے غیر آئینی، انتقامی اور آمرانہ رویے کے خلاف آج (جمعہ) خیبر پختونخوا کے ہر حلقے میں بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت، وزرا، پارلیمنٹیرینز اور خیبر پختونخوا کے عوام اپنے قائد، ان کی بہنوں اور تمام منتخب نمائندوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
