پنجاب میں خواتین پر تشدد کی سنگین صورتحال، سال 2025 کے پہلے 6 ماہ میں روزانہ اوسطاً 85 خواتین متاثر، لاہور سب سے زیادہ متاثرہ ضلع


لاہور (قدرت روزنامہ)سسٹین ایبل سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سال 2025 کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران خواتین کے خلاف تشدد کے 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، یعنی روزانہ اوسطاً 85 خواتین مختلف اقسام کے تشدد جیسے زیادتی، گھریلو تشدد، اغوا، غیرت کے نام پر قتل، ٹریفکنگ اور سائبر ہراسگی کا شکار ہوئیں۔
رپورٹ پنجاب پولیس سے حاصل شدہ معلومات پر مبنی ہے اور اضلاع کے حساب سے اعداد و شمار ہر ایک لاکھ بالغ خواتین کی آبادی کے مطابق ترتیب دیے گئے ہیں، لاہور میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں زیادتی کے 340، اغوا کے 3018 اور گھریلو تشدد کے 2115 کیسز شامل ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ اضلاع میں ملتان، گجرانوالہ، سیالکوٹ، قصور، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ننکانہ صاحب شامل ہیں۔
رپورٹ میں پولیس کی کم رپورٹنگ اور شفافیت کے مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کیونکہ متعدد اضلاع نے ضروری ڈیٹا فراہم نہیں کیا، ایس ایس ڈی او نے فوری اور مربوط اقدامات، رپورٹنگ کے نظام میں بہتری، عدالتی عمل میں تیزی اور متاثرہ خواتین کے لیے معاون خدمات کو وسعت دینے پر زور دیا ہے تاکہ خواتین پر تشدد کے مسئلے کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert