کل تمام لوگ سیاہ جھنڈے اور پٹیاں باندھ کر باہر نکلیں، علیمہ خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اتحادیوں نے جمعے کے روز پرامن احتجاج کی کال دے رکھی ہے، اس لیے تمام لوگ سیاہ جھنڈے اور سیاہ پٹیاں باندھ کر باہر نکلیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی جمعے کی نماز کے بعد سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج میں شریک ہوں گی۔ ان کے مطابق احتجاج کا مقصد ’آئینی حقوق کی بحالی‘ اور ’پرامن سیاسی جدوجہد‘ کو اجاگر کرنا ہے۔
اس سے قبل علیمہ خان 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئیں۔ ان کے خلاف عدم پیشی پر 11 ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری تھے، جبکہ عدالت ان کے 37 بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور ضمانتی مچلکے خارج کرنے کے احکامات بھی دے چکی ہے۔
کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ کر رہے ہیں اور عدالت نے ان کی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کر رکھی ہیں۔
عدالت میں پیشی کے بعد ان کی گفتگو نے کل کے احتجاج کو اہمیت دے دی ہے، جس میں پی ٹی آئی کی قیادت نے ملک بھر میں کارکنوں کی بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert