میں وزیراعلی کا امیدوارتھا پارٹی قیادت نے سرفراز بگٹی منتخب کیا،میر صادق عمرانی

سرفراز بگٹی بلوچستان کے وزیراعلی ہیں اور رہیں گے، یہ پارٹی کا فیصلہ ہے


میں علی حسن زہری کو نہیں مانتاہم پوری طرح پیپلز پارٹی کے فیصلوں کے تابع ہیں، پارلیمانی لیڈرپی پی پی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر صادق عمرانی نے بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے میں چیف منسٹر کے حوالے سے جاری خبریں بالکل بے بنیاد ہیں اور عوام کو گمراہ نہیں کیا جانا چاہیے۔میر صادق عمرانی نے کہا کہ وہ خود پارٹی کے چیف منسٹر کے امیدوار تھے، لیکن پارٹی قیادت نے سرفراز بگٹی کو چیف منسٹر منتخب کیا اور وہ اسی عہدے پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا، “کل جو اخبارات اور میڈیا میں خبریں چلیں، اس کی تردید کرتا ہوں، ایسی کوئی بات حقیقت پر مبنی نہیں۔
یہ حق صرف پیپلز پارٹی کو ہے کہ وہ اپنا فیصلہ کرے۔پارلیمانی لیڈر نے واضح کیا کہ پارٹی کے فیصلے کے سوا کسی کا بیان یا رائے قیادت کی پالیسی پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا، میں علی حسن زہری کو نہیں مانتاہم پوری طرح پیپلز پارٹی کے فیصلوں کے تابع ہیں اور جو بھی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی، وہ سب کے لیے حتمی اور قابل عمل ہوگا۔”میر صادق عمرانی نے پارٹی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری، بلاول بھٹو اور فریاد تالپور کے فیصلے پارٹی کی پالیسی اور صوبے کی ترقی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرفراز بگٹی بلوچستان کے چیف منسٹر ہیں اور رہیں گے، یہ پارٹی کا فیصلہ ہے اور اسی پر عمل ہوگا۔پارلیمانی لیڈر نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ پارٹی کے فیصلے پر غیر متعلقہ بیانات پر بھروسہ نہ کریں اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے عزم اور صوبے کی ترقی کے وژن پر توجہ دیں۔

WhatsApp
Get Alert