صادق عمرانی کون ہے؟ جھوٹ، انتشار اور موقع پرستی اس کا تعارف ہے” — صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کا سخت ردِعمل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے اپنے سخت ردِعمل میں صادق عمرانی کے حالیہ بیان کو گمراہ کن، بے بنیاد اور پارٹی ڈسپلن کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صادق عمرانی کا یہ کہنا کہ وہ علی حسن زہری کو نہیں جانتے، خود ان کی بددیانتی اور جھوٹ کا ثبوت ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ’’میرا سوال یہ ہے کہ یہ صادق عمرانی آخر ہے کون؟ یہ وہی شخص ہے جس کا سیاسی کردار جھوٹ، انتشار اور موقع پرستی کے سوا کچھ نہیں۔‘‘
اگر صادق عمرانی اپنے ہی پارٹی وزیر کو نہیں جانتے تو میں بھی انہیں نہیں جانتا۔ جسے اپنے کارکنوں کی عزت نہیں، وہ میرے لیے بھی نامعلوم ہے۔
عمرانی صاحب کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے اور میرے خلاف بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صادق عمرانی کو کسی وزیر کے خلاف بیان دینے کا نہ کوئی اختیار ہے اور نہ اخلاقی جواز۔ پارٹی سے وفاداری بڑے دعوؤں سے نہیں بلکہ عمل، محنت اور قیادت کے فیصلوں کی پابندی سے ثابت ہوتی ہے۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ صادق عمرانی کا پارلیمانی لیڈر ہونے کا دعویٰ انہیں یہ حق نہیں دیتا کہ وہ پارٹی کے اہم معاملات پر ’’حتمی بیان‘‘ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معزز صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کے فیصلے ہی جماعت کے اصل اور حتمی فیصلے ہیں، اور پارٹی کا کوئی رکن ان سے بالاتر نہیں۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ لالچ انسان کو اصولوں سے ہٹا دیتا ہے اور آج یہی کیفیت صادق عمرانی میں نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ میرے سیاسی قائد نہیں ہیں۔ میرے قائد صرف صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ادی فریال تالپور ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ صادق عمرانی کی سابقہ سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ پارٹی کو تقسیم کرنے اور پارٹی مخالف عناصر کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں سرگرم رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کا مفاد پرستانہ چہرہ جلد پوری طرح بے نقاب ہو جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert