“تربت میں نئے پولیس تھانے کا افتتاح،: سفارش کلچر ختم کر کے پولیس کو مکمل اختیارات اور وسائل دیے جائیں’ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا مطالبہ

تربت (قدرت روزنامہ) رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تربت کے نواحی علاقے جوسک میں نئے پولیس تھانے کا افتتاح کیا، جس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن اور میئر بلخ شیر قاضی بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں پولیس کو بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، مگر اختیارات میں مداخلت، سفارش کلچر اور کمزور نظام انصاف کی وجہ سے ملزمان سزا سے بچ نکلتے ہیں، لہٰذا انہوں نے حکومت سے پولیس کو مکمل اختیارات اور وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ تربت کی بڑھتی ہوئی آبادی (ساڑھے چار لاکھ سے زائد) کے پیش نظر دوسرا پولیس تھانہ قائم کرنا ضروری تھا، جس سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی، جبکہ ڈی پی او کیچ نے کہا کہ جوسک تھانے کا قیام خصوصاً دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو فوری حل میں مدد دے گا، میئر نے بھی نئے تھانے کے لیے عملے اور سازوسامان کی فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
