پی ٹی آئی اور اپوزیشن کا یوم سیاہ، محمود خان اچکزئی کا اعلان جنگ
عوام بھوکوں مر رہے ہیں، حکمرانوں کو ایک ووٹ کے 90 کروڑ دینے کا حساب دینا ہوگا

مجبور نہ کرو ورنہ سیڑیاں کیساتھ جیلوں میں داخل ہونگے
ظلم کے یہ ضابطے اب نہیں چلیں گے، آئین کی حفاظت کیلئے ہر حد تک جائیں گے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف منائے گئے یوم سیاہ اور احتجاجی مظاہرے کے دوران پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئین پر حملہ آور ہونے والوں کو ہم چور کہتے تھے، اب آئی ایم ایف نے بھی انہیں چور قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے 5 ہزار ارب روپے ڈکار لیے ہیں اور ایک ووٹ 90 کروڑ روپے میں خریدا گیا جبکہ عوام بھوک سے مر رہے ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی سلب کی گئی اور پارلیمنٹ کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے لیکن ظلم اور غاصبانہ قبضے کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اب عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے پرامن جدوجہد کے ساتھ ساتھ اگر ضرورت پڑی تو جیل کی دیواریں پھلانگ کر اپنے لیڈر سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان جنگ شروع ہو چکی ہے اور ہم ایک نئے جمہوری پاکستان کی تشکیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
