بلوچستان اسمبلی میں گیس اور بجلی کی فوری لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبے میں گیس اور بجلی کی فوری لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام کے رکن اصغر علی ترین کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سردی میں گیس اور گرمی میں بجلی کی طویل بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، حالانکہ سوئی سدرن گیس اور کیسکو حکام کی یقین دہانیوں کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔ اصغر علی ترین نے کہا کہ بل ریکوری کے نام پر عوام کو سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے، جس سے دیہاتوں سمیت شہروں میں صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے مسئلے کو سنگین قرار دیتے ہوئے ایک کمیٹی بنانے کی تجویز دی تاکہ اس معاملے کو سنجیدگی سے وفاق کے سامنے اٹھایا جائے۔ رکن اسمبلی زرک خان مندوخیل نے حکام کی عدم دلچسپی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بل ریکوری کمپنی کی ذمہ داری ہے نہ کہ حکومت کی، جبکہ اسپیکر نے قرارداد کو ایوان کی مشترکہ قرارداد کے طور پر منظور کرنے کی رولنگ دی۔
