کراچی میں دسمبر سرد ہونے لگا، موسمی امراض میں اضافہ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں دسمبر سرد ہونے لگا، شہر میں خنکی کی شدت کے ساتھ ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر موسمی امراض میں بھی اضافہ ہوا ہے۔شہریوں نے گرم کپڑے نکال لیئے ہیں، کمبل، لحاف، رضائیوں، سوئٹرز، جیکٹس، مفلرز، ٹوپیوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
خشک میوہ جات، گرم سوپ، انڈے اور فرائی مچھلی کی دکانوں پر بھی شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔شہریوں کی اکثریت قوتِ خرید کم ہونے کی وجہ سے خشک میوہ جات کی بجائے مونگ پھلی خرید کر ہی سردی کا لطف اٹھا رہی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم خشک اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 11 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔