“آئین پر حملہ آوروں کو آئی ایم ایف نے بھی ‘چوروں کی حکومت’ قرار دے دیا ہے ’ محمود خان اچکزئی


اسلام آباد (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے 21 نومبر یوم سیاہ کے موقع پر شاہ فیصل مسجد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پر حملہ آوروں کو اب آئی ایم ایف نے بھی “چوروں کی حکومت” قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دو سال میں تقریباً پانچ ہزار ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔ محمود خان اچکزئی نے الزام لگایا کہ مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے، ججز کے ذریعے اقلیتی نشستیں چھین کر پارلیمنٹ کو اپاہج بنا چکے ہیں اور 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کے اختیارات چھین لیے گئے ہیں۔
انہوں نے انقلابی انداز میں کہا کہ ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے، “لیکن ہم ظالموں، چوروں، غاصبوں کو پاکستان میں نہیں چھوڑیں گے” کیونکہ ان لوگوں نے اقوام کے درمیان سماجی معاہدے یعنی آئین کو روندھ دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی دانش سے آئین کو بچائیں اور ایک نئے پاکستان کی تشکیل کریں۔ انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ جو عوام کے لیے لڑتے ہیں انہیں گولیاں مارتے یا جیلوں میں بھر دیتے ہیں اور عمران خان کا اتنا بڑا جرم نہیں کہ آپ ان کی فیملی کو ملاقات بھی نہ کرنے دیں۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذاق نہیں کر رہے، وہ دن ضرور آئے گا کہ وہ سیڑھیاں لے کر جیل کی دیواروں میں کود جائیں گے اور عمران خان سے ملاقات بھی کریں گے اور اسے نکالیں گے بھی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں غریب کی روٹی، مذہب کی آزادی، اور انصاف کے لیے انقلاب ضرور آئیگا۔

WhatsApp
Get Alert