آئی ایم ایف کی رپورٹ سے ملک کی اندرونی اوربیرونی ساکھ اور وقار کو سخت دھچکا لگا ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں آئی ایم ایف کی جاری کردہ رپورٹ پر سخت ترین تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک کے اندرونی اوربیرونی ساکھ اور وقار کو سخت دھچکا لگا ہے جو ملک کے 25کرورڑ عوام کے لیے لمحہ فکریہ بن گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 8فروری 2024کے انتخابات کے حقیقی نتائج کی فارم47سے تبدیلی ایک جانب من پسند اور زروزور سے مسلط عناصر کوکرپشن کی کھلی چھوٹ دینا تھا ۔ دوسری جانب ان غیر منتخب مسلط عناصر سے متفقہ وفاقی ملکی آئین کے بنیادوں پر حملہ کرنا تھا اور ملک کے تمام آئینی اختیارات فرد واحد کو دینے کی منصوبہ بندی تھی ۔ جس کی نشاندہی تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی مسلسل کرتے رہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم دراصل ملک کی متفقہ آئینی ڈھانچہ نام نہاد غیر منتخب پارلیمنٹ تو کیا صحیح اور عوام کی مینڈیٹ رکھنے والے پارلیمنٹ سے بھی ممکن نہ تھی ۔ آئین کی فیڈرل بنیادی ڈھانچہ آئین ساز اسمبلی سے ممکن تھی اور ممکن ہے۔ پاکستان کی سٹیبلشمنٹ جو روز اول سے اختیار واقتدار اپنے پاس رکھنے کی پالیسی پر گامزن تھی ۔2024کا الیکشن پارلیمنٹ کی حیثیت اور وقعت پر حملہ تھا اس طرح ریاست کی پہلی ستون کا خاتمہ ہوا۔ ملک کے دوسرے ستون کو بے حیثیت بنانے کا کام 26ویں آئینی ترمیم میں کرچکے ۔ 27ویں نام نہاد آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ ، ہائیکورٹ کے اختیار چھین کر نام نہاد وفاقی آئینی کورٹ کے حوالے کیا گیا ہے اور صوبائی ہائی کورٹس کے اختیارات بھی صوبائی آئینی عدالتوں میں چلے گئے ہیں اس وقت ملک کے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کی حیثیت ختم کردی گئی ہے ۔ ملک کے تیسرے ستون انتظامیہ اور ان کے اختیارات پہلے سے مرکز میں جرنیلوں ، صوبوں میں برگیڈیئر رینک اور اضلاع کو فوج اور ایف سی کے کرنل چلا رہے ہیں ۔ مرکز اور صوبوں میں سول بیوروکریسی برائے نام ہوچکی ہے ۔جبکہ آزادی صحافت کاگلہ پیکا ایکٹ سے گھونٹ دیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی انٹرنیشنل ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حال ہی میں آئی ایم ایف کے کھربوں کے غبن کے بیانات /رپورٹس ملک کو FATFکی انٹرنیشنل جال دربارپھنسنے کی تیاری ثابت نہ ہو۔ اس طرح سٹیبلشمنٹ کے مسلط نااہل ناکام ٹولے کے ذریعے ملک کی ساکھ اور وقار دائو پر لگادیا گیا ہے اور ان کے مکروہ کرتوتو سے ملک کے مفلوک الحال عوام مزید سخت ترین صورت حال سے دوچار ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک اور اس کے سیاسی جمہوری نظام کو رائج کرنے اور چلانے کے لیے فوجی سٹیبلشمنٹ کے بھونڈے فارم47کے مسلط نام نہاد ٹولے اور ان کے نام نہاد آئینی ترامیم ، نام نہاد پارلیمنٹ کو ختم کرکے متفقہ آئین پاکستان کے تحت نئے سرے سے ایجنسیوں کی مداخلت کے بغیر شفاف ،غیر جانبدارانہ الیکشن پرجانا ہوگا۔ 25کرورڑ عوام کی جمہوری رائے سے منتخب پارلیمنٹ کو اختیارات کا سرچشمہ تسلیم کرتے ہوئے ملک کے عوام کی عظیم امانت اقتدار اور اختیار عوام کے حوالے کرنا ہوگا ۔
