حب میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق، نوجوان زخمی، تشدد زدہ لاش برآمد، قومی شاہراہ پر مسافر کوچ میں آگ بھڑک اٹھی، پولیس


حب (ڈیلی قدرت) حب میں آج دو سنگین فائرنگ کے واقعات پیش آئے جن میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک نوجوان شدید زخمی ہوا، جبکہ ایک اور جگہ سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔بلوچ کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ نوجوان رحمت اللہ زخمی ہوا جسے فوری طور پر سول اسپتال حب منتقل کر دیا گیا۔ اسی دوران عدالت روڈ پر فائرنگ میں 40 سالہ خاتون حفیظ زوجہ اسحاق جاں بحق ہو گئی۔مزید برآں، جام یوسف کالونی کے ہفتہ بازار کے مقام سے 55 سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ زخمی نوجوان اور دونوں لاشیں سول اسپتال حب منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں ضروری طبی امداد اور قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ لسبیلہ اور اوتھل میں قومی شاہراہ پر دبئی مسجد کے قریب ایک مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔اطلاع ملنے پر میونسپل کمیٹی وندر اور اوتھل کی فائر بریگیڈ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جبکہ اوتھل پولیس بھی جائے وقوعہ پر موجود تھی۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ کوچ اوتھل زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ کے قریب آگ کی لپیٹ میں آیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پا لیا اور اب ٹریفک کی روانی بحال کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert