کوئٹہ میں شدید سردی، گیس بحران نے زندگی مفلوج کر دی، سوئی سدرن کے دعوے جھوٹے ثابت، شہری

کوئٹہ(ڈیلی قدرت) صوبائی دارالحکومت میں شدید سردی کے دوران گیس کی بدترین کمی نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے دعوے ایک بار پھر محض دعوے ہی ثابت ہوئے ہیں۔شہر کے متعدد علاقوں میں گیس گھنٹوں نہیں بلکہ دنوں تک غائب رہتی ہے، اور جہاں آتی بھی ہے وہاں پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ چولہے جلانا تک ناممکن ہو چکا ہے‘ شہریوں کا کہنا ہے کہ کمپنی کے حکام ہر سال کی طرح اس بار بھی مناسب فراہمی کے بلند دعوے کرتے رہے، مگر عملاً صورتحال پہلے سے بھی بدتر ہے‘عوام نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے بل، ایل پی جی کی مہنگائی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد گیس بحران نے زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے۔ گیس بحران کے باعث ناشتہ پکانا تک ایک چیلنج بن چکا ہے، جبکہ ہوٹل مالکان اور چھوٹے کاروباری طبقے کو بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی کا سختی سے نوٹس لیا جائے، ورنہ عوام سردی میں یخ بستہ گھروں میں زندہ رہنے کے لیے شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
