بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیاد، انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں گے، سینیٹر جان محمد بلیدی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت)نیشنل پارٹی کے زیراہتمام علمدار روڈ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی مناسبت سے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس سے نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر جان محمد بلیدی  مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ مرکزی ترجمان علی احمد لانگو مرکزی کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر رمضان ہزارہ اور عیوض کشتمند نے خطاب کیا۔قائدین نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے کر عوامی امنگوں اور حقیقی ترجمانی کریگی۔ مری آباد اور ہزارہ ٹان کی تمام یونین کونسلوں میں امیدواروں کی نامزدگی نیشنل پارٹی کی تنظیمی فعالیت سیاسی قوت اور عوامی اعتماد کی علامت ہے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوری ڈھانچے کی بنیاد ہے، جو عوامی شراکت داری سیاسی تربیت اور نچلی سطح پر جمہوریت کے استحکام کا ضامن ہے۔ دنیا بھر میں بلدیاتی اداروں کو آئینی و انتظامی اہمیت حاصل ہے مگر بدقسمتی سے یہاں ان کو تحفظ حاصل نہیں۔یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کے بروقت انتخابات میں تاخیر رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب بلدیاتی مہم بہتر حکمتِ عملی مربوط رابطوں اور عوامی خدمت کے جذبے سے ممکن ہے۔ مری آباد اور ہزارہ ٹان کے نیشنل پارٹی کارکن عوامی مسائل کے حل اور رابطہ کاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جو ان کی انتخابی کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔اجلاس میں خواتین کی جنرل کونسلر کی نشستوں پر انتخابی عمل میں بھرپور شمولیت کو مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر نامزد امیدواران کو نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنمائوں مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ سینیٹر جان محمد بلیدی اور ڈاکٹر رمضان ہزارہ نے باضابطہ پارٹی ٹکٹ جاری کیے۔اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن یونس بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری، ملک نصیر شاہوانی، سائرہ بتول، حاجی اصغر ہزارہ، آغا ضیا الدین ہزارہ سمیت خواتین و مرد ارکان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

WhatsApp
Get Alert