حلقہ پی بی7،پی بی 45 اور این اے251 سمیت مختلف حلقوں کے انتخابی ٹربیونلز کے فیصلے جانبدار اور طے شدہ اسکرپٹ کا حصہ ہیں، جمعیت علماء اسلام

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف جے یو آئی کی درجنوں ٹھوس، شواہد سے بھرپور درخواستوں کو یکسر مسترد کرنا جبکہ ہمارے مخالفین کی کمزور و بے بنیاد درخواستوں پر من مرضی اور جانبدار فیصلے صادر کرنا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ پورا عمل پہلے سے طے شدہ اس اسکرپٹ کا حصہ تھا، جس کا مقصد ہر قیمت پر جے یو آئی کو سیاسی منظرنامے سے باہر رکھنا ہے۔یہ رویہ نہ صرف انتخابی انصاف کا قتل ہے بلکہ پورے نظام کی ساکھ کو خاکستر کرنے کے مترادف ہے۔ حلقہ پی بی–7,پی بی 45 اور این اے251 سمیت مختلف حلقوں کے فیصلے اس منظم انجینئرنگ، ادارہ جاتی تعصب اور سیاسی انتقام کی زندہ مثالیں ہیں جنہیں جے یو آئی کسی صورت تسلیم نہیں کرتی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعیت نے روزِ اول سے اعلان کیا تھا کہ یہ انتخابات تاریخ کے بدترین، پہلے سے طے شدہ، غیر شفاف اور جھرلو ہے۔ عوام نے ہر فورم پر جے یو آئی کی طاقت اور وزن کا لوہا منوایا، مگر پردے کے پیچھے کام کرنے والی قوتوں نے مضموم سازشوں، منظم رِگنگ، اور سوچی سمجھی انتخابی واردات کے ذریعے جے یو آئی کی راہ روکنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ بلوچستان کی تاریخ میں اس درجے کی پولنگ اسٹیشن دراندازی، فارم 45 چوری، نتائج مسخ کرنے، اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی مثال نہیں ملتی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں جس جرم کی سزا دی جارہی ہے، وہ بھی ڈھکی چھپی نہیں جے یو آئی نے ہمیشہ غیر آئینی ہتھکنڈوں، اسٹیبلشمنٹ زدہ سیاسی انجینئرنگ، صوبے کے وسائل پر قبضہ گروپوں، اور اسرائیلی لابی کے مقامی کارندوں کے سامنے بند باندھا۔ صوبے کے حقوق پر دو ٹوک، بیلچک اور غیر سمجھوتہ آمیز موقف نے وہ قوتیں چراغ پا کردی ہیں جو بلوچستان کو اپنی چراگاہ سمجھتی ہیں۔جمعیت علماء اسلام نہ کرسی کی بھوکی ہے، نہ اقتدار کی رسیا۔ مگر جو رویہ اختیار کیا جارہا ہے وہ پورے جمہوری ڈھانچے کے لیے سیاسی زہر، آئینی توہین اور جمہوریت کی تذلیل کے مترادف ہے۔ یہ ایک ایسا المیہ ہے جو صوبے اور ملک کے مستقبل کیلئے اچھا شگون نہیں ہے جے یو آئی واضح کرتی ہے کہ جب تک عوامی مینڈیٹ کی لوٹی ہوئی امانت واپس نہیں کی جاتی، سیاسی جھرلو اور نتائج ساز منصوبے بے نقاب نہیں ہوتے، اور حقیقی جمہوری راستہ بحال نہیں کیا جاتاہماری جدوجہد ایک لمحہ بھی رکے گی نہیں۔
