کوئٹہ میں پائیدار ترقی و موسمیاتی چیلنجز پر میگا کانفرنس کی تیاریوں کے لیے اجلاس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں پائیدار ترقی اور موسمیاتی چیلنجوں (Sustainable Development & Climate Resilience) سے متعلق ہونے والی میگا کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری زراعت نور احمد پرکانی، سیکریٹری ماحولیات علی اکبر بلوچ، سیکریٹری توانائی داؤد خان بازئی، سیکرٹری منصوبہ بندی آصف فرخ، سیکرٹری ایمپلیمنٹیشن ذیشان جاوید، چیف فارن ایڈ پی اینڈ ڈی محترمہ بتول اسدی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کانفرنس کے مجوزہ ایجنڈے، انتظامات اور مختلف سیشنز کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ کانفرنس کا افتتاحی اجلاس 8 دسمبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور ترقیاتی شراکت دار (Development Partners) شرکت کریں گے۔
مزید بتایا گیا کہ کانفرنس کے دوران مختلف سیشنز اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا جائے گا جن میں بلوچستان میں کلائمنٹ ریزلینس اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات، کلائمٹ فنانس، کاربن کریڈٹس اور سرمایہ کاری کے مواقع،جدت، ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کے ذریعے موسمیاتی موافقت، پائیدار ترقی کے لیے صوبائی محکموں کے کردار اور شراکت داری کے نئے راستے تلاش کرنے جیسے اہم موضوعات پر جامع گفتگو ہوگی۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری زاہد سلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم اورمیگا کانفرنس ہے۔
جس کا بنیادی مقصد بلوچستان کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مضبوط، سائنسی اور دیرپا حکمتِ عملی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں عالمی اداروں کے سربراہان، ماہرین اور بین الاقوامی ڈونرز کی شرکت سے بلوچستان کے لیے نئی سرمایہ کاری، تکنیکی معاونت اور پالیسی سپورٹ کے مواقع پیدا ہوں گے۔
آخر میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کانفرنس کے انعقاد کے لیے انتظامات کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کریں تاکہ بلوچستان اس اہم ایونٹ کی بہتر طور پر میزبانی کر سکے۔

WhatsApp
Get Alert