سخت سردی میں گیس کی بندش سے عوام اذیت میں ہیں، بلوچستان کے ساتھ سوتیلا سلوک بند کیا جائے، ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر سرد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی، مسلسل بندش اور طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ سخت سردی میں گیس کی عدم فراہمی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے متعدد اضلاع اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ دسمبر، جنوری اور فروری میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا جاتا ہے، ایسے حالات میں گھریلو صارفین کو گیس بحران کا سامنا کرنا انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ترجمان کے مطابق، گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ بندش کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی نے اس مسئلے پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں متعدد بار آواز اٹھائی، تاہم سنجیدہ اقدامات نہ ہونے کے باعث صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ساتھ گیس کے معاملے میں سوتیلا سلوک روا رکھا جارہا ہے، لہذا وفاقی حکومت سے فوری مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ گیس حکام سے رابطہ کرکے صوبے میں جاری گیس بحران کا ہنگامی بنیادوں پر حل نکالے تاکہ موسمِ سرما میں عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جاسکے۔
