پیر تک اختر مینگل کا نام لسٹ سے نہ نکالا تو سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف کارروائی ہوگی، بلوچستان ہائیکورٹ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) عدالتی حکم کے باوجود سردار اختر جان مینگل کا نام نو فلائی لسٹ سے نہ نکالنے کے خلاف دائر توہینِ عدالت پٹیشن پر اہم سماعت ہوئی۔ ساجد ترین ایڈووکیٹ کے دلائل کے بعد بلوچستان ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ پاکستان اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ پیر تک افیڈیوٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے واضح ہدایت کی کہ اگر پیر تک عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا اور سردار اختر مینگل کا نام نو فلائی لسٹ سے نہ نکالا گیا، تو عدالت دونوں حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کا آغاز کرے گی۔سماعت جسٹس جناب گل حسن ترین اور جسٹس جناب سردار احمد حلیمی پر مشتمل بنچ نے کی۔ اس موقع پر آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ، جمیل رمضان ایڈووکیٹ اور دیگر وکلا بھی موجود تھے۔عدالتی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے پارٹی قیادت کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدالتی احکامات کا احترام نہیں توکیا اسے جنگل کا قانون کہہ دیں؟ ہم عدالتوں کے اندر اور باہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert