ہرنائی کے چیئرمین اور دیگر کیخلاف ایف آئی آر غیر آئینی، احتجاج کا حق چھینا نہیں جا سکتا، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ضلع ہرنائی کے چیئرمین جلیل میانی، ڈپٹی چیئرمین ضلع ہرنائی عقل خان، ملک امو جان، مدد خان، خان افغان، رفیع اللہ، عبدالقاہر میانی کے خلاف غیر آئینی،غیر قانونی ایف آئی آر کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جھوٹ اور دروغ گوئی اور آئینی انسانی حقوق کے حق کو پائمال کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنا ان کے اختیار میں نہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ غلط،ناروا، مکروہ، غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنا سیاسی جمہوری احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں درج نعروں پر ایف آئی آر نہیں ہوسکتی اور حکومت وقت کے خلاف ہر پارٹی اور اس کے کارکنوں کو احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمہوری صف کے پارٹیوں اور کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آمرانہ صف اور ان کے آمرانہ اقدامات کے خلاف میدان عمل میں کھڑے ہوکر انہیں شکست فاش دے۔ بیان میں ہرنائی تھانہ ایس ایچ او کی غیر آئینی، غیر قانونی درج ایف آئی آر کی ایک بارمذمت کرتے ہوئے انتظامیہ، اعلیٰ حکام سے فوری ایف آئی آر کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
