کوئٹہ بلدیاتی الیکشن: سیاسی جماعت کے اجلاس میں من پسند افراد کو نوازنے پر اختلافات، کھنچائی، ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات قریب آتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیٹھکوں کا انعقاد اور من پسند افراد کو جتوانے کیلئے لابنگ تیز کر دی گئی ہے، جبکہ بعض جماعتوں میں بلدیاتی امیدواروں کو نامزد یا دستبردار کرانے پر اختلافات بھی سامنے آگئے ہیں۔ ایک سیاسی جماعت کے زیر اہتمام گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں نہ صرف اختلافات کھل کر سامنے آگئے بلکہ ایک دوسرے پر الزامات کے انبار لگا دیے گئے اور پارٹی کے صوبائی سیکرٹری جنرل کو آڑے ہاتھوں لے لیا گیا۔ واضح رہے کہ 28 دسمبر کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدواروں نے بھی تیاری کر کے میدان سنبھال لیا ہے۔ کاغذات نامزدگی اور پڑتال مکمل ہو چکے ہیں، اور حتمی لسٹ آویزاں کرنے کے بعد باقاعدہ کارنر میٹنگز اور ڈور ٹو ڈور مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔ تاہم مہم شروع ہونے سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان امیدواروں کی نامزدگی پر اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ گزشتہ روز ایک سیاسی جماعت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی عہدیداروں کے ساتھ صوبائی وزراء نے بھی شرکت کی، مگر اجلاس کے دوران نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ ایک طرف پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور دوسری طرف شرکاء نے ایک دوسرے پر الزامات کے انبار لگا دیئے۔

WhatsApp
Get Alert