صوبے بھر میں ٹارگٹڈ آپریشنز، 35 خطرناک ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد، آئی جی پولیس

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان پولیس نے صوبے بھر میں ایک ہفتے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 35 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے 28 پستول/ریوالور، 6 ایس ایم جی، 8 رائفل/شاٹ گنز، 708 کارتوس اور 36 میگزین برآمد کرلی گئیں۔پولیس کے مطابق منشیات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 28 مقدمات درج کرکے 26 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن سے 3470 کلوگرام چرس، 20 گرام آئس، 5 کلو بھنگ، 2397 بوتلیں شراب اور 3461 بیئر کے کین برآمد کیے گئے۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی خصوصی ہدایات پر مختلف اضلاع میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جن میں مطلوب و مفرور ملزمان، اشتہاریوں، بائیک چوروں، اسنیچرز، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن رکھنے والے عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔ پولیس نے قتل اور اندھے قتل کی وارداتوں میں مطلوب اہم ملزمان کو بھی گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔کارروائیوں کے دوران 3 چوری شدہ/چھینی گئی گاڑیاں، 27 موبائل فونز اور موٹر وہیکل ایکٹ 550 کے تحت 32 موٹر سائیکلز قبضے میں لے لیے گئے۔ مزید 160 ملزمان کو مختلف جرائم میں حراست میں لیا گیا، جبکہ مختلف رینجز میں 17 اشتہاری ملزمان، 126 مفرور اور 9 مغوی بازیاب کیے گئے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 6 موٹر سائیکلیں، 1265 لیٹر ڈیزل اور 1020 لیٹر ایرانی پٹرول بھی برآمد کیا۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کے لئے صوبے بھر میںشہریوں کو پْرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
