ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع میں جے یو آئی کا کردار سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)امیر جمعیت علمائے اسلام بلوچستان، سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع میں جے یو آئی کا کردار سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہر نازک مرحلے پر قومی وحدت، فکری استحکام اور ریاستی تسلسل کی حفاظت جے یو آئی نے اپنے سیاسی وجود کی قیمت پر کی۔ آج بھی ملک کے نوجوانوں کی فکری رہنمائی اور نظریاتی تربیت کرنے والی سب سے مؤثر اور منظم قوت جمعیت علمائے اسلام ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ ریاستی اداروں پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ کے وقار اور تقدس کی مضبوطی کا مقدمہ لڑا۔ ملک کو بحرانوں اور انتشار سے نکالنے کیلئے قائدِ جمعیت نے نہ صرف پیشگی خبردار کیا بلکہ بروقت سیاسی حکمتِ عملی، مصالحتی کردار اور قومی مفاہمت کی پالیسی کے ذریعے وہ کردار ادا کیا جو حقیقی قیادت کا شیوہ ہوتا ہے۔لیکن اور یہ ایک کڑوا سچ ہے مسلسل تین انتخابی ادوار سے جمعیت کے واضح، ٹھوس اور عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا جارہا ہے۔ غیر مقبول، ناہل اور عوامی تائید سے محروم عناصر کو جے یو آئی کے حقیقی مینڈیٹ پر مسلط کرکے ہمارے لاکھوں ووٹرز کی توہین، سیاسی استحقاق کی پامالی اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں کا قتلِ عام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دن کی روشنی میں جو سیاسی انجینئرنگ، الیکشن منیجمنٹ، اور اسٹیجڈ مینڈیٹ کا کھیل کھیلا گیا، اس نے نوجوان نسل میں شدید مایوسی، بے اعتمادی اور عدم تحفظ کی فضا پیدا کی۔ الیکشن کے نام پر جو جعلی عمل، بورڈ روم فیصلے، اور اسٹیبلشمنٹ فریندلی فارمولا نافذ کیا گیا، اس نے صوبے کو کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیا۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ آج تمام کردار، تمام محرکات اور تمام فیصلے آشکار ہوچکے ہیں۔ قوم بخوبی جان چکی ہے کہ بلوچستان میں کس کے ہاتھوں عوامی مینڈیٹ مسخ ہوا، کس نے جمہوری اقدار کو روندا، اور کون اس پورے منصوبے کا حقیقی محرک تھا۔ تاریخ ان کرداروں کو بدترین جمہوری غدار کے طور پر یاد رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، کیونکہ ہماری سیاست کرسی کی غلام نہیں، اصولوں کی پاسدار ہے۔ ملک کی نظریاتی حفاظت، جمہوریت کی بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کے حق میں ہماری جدوجہد ہر محاذ پر جاری رہے گی۔
