کونسے پاکستانی اداکار ایشیا کی 50 مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک برطانوی ایشیائی اخبار ایسٹرن آئی نے 2021 میں دنیا بھر میں مقبول اپنی 50 ایشیائی مشہور شخصیات کی فہرست جاری کردی ہے۔ فہرست کے عنوان کے مطابق توجہ بنیادی طور پر صرف جنوبی ایشیا پر مرکوز تھی۔
پاکستان سے اس فہرست میں سجل علی، یمنٰی زیدی، حدیقہ کیانی، بلال عباس، عاطف اسلم اور دیگر کے نام شامل ہیں۔اس فہرست کی 10 مشہور شخصیات میں پاکستانی اداکارہ سجل علی کا نمبر 7 واں ہے۔
فہرست کو ترتیب دینے والے ماسٹر مائنڈ صحافی اسجد نذیر کا سجل علی کے بارے میں کہنا ہے کہ ’ سجل نئی نسل کے لیے مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’ سجل پاکستانی اداکاراؤں کے لیے نئے راستے بنارہی ہیں اور دیگر ان کے نقش قدم پر چل رہی ہیں‘۔گلوکار عاطف اسلم فہرست میں 25 ویں، گلوکارہ حدیقہ کیانی 30ویں، اداکارہ یمنٰی زیدی 35 ویں جبکہ اداکار بلال عباس کا فہرست میں39 واں نمبر ہے۔
اس فہرست میں اُن مشہور شخصیات کے نام شامل کیے گئے ہیں جنہوں نے نہ صرف لوگوں کو متاثر کیا بلکہ اپنے مداحوں کے لیے دیرپا مثبت تاثرات قائم کیے۔ اس فہرست میں میوزک انڈسٹری، ٹیلی ویژن، ادب اور سوشل میڈیا کے علاوہ بالی ووڈ، ہالی ووڈ اور پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کے نام شامل تھے۔ ہالی ووڈ سے اس فہرست میں کمیل نانجانی، رِض احمد جبکہ بالی ووڈ سے پریانکا چوپڑا، پربھاس، منڈی کالنگ، شریا گھوشال اور شہناز گِل کا نام شامل ہے۔