سیاست اور خدمت کا صلہ لاشوں کی صورت میں دیا جاتا ہے، شہید ولید صالح کا چہلم 28 اور ریفرنس 29 کو ہوگا، میر رحمت صالح بلوچ


پنجگور(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ شہید ولید صالح کا چہلم جمعہ 28 نومبر کو پنجگور میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی ہوگی اور اس کے بعد لنگر تقسیم کیا جائے گا، جبکہ 29 نومبر بروز ہفتہ کو تعزیتی ریفرنس منعقد کیا جائے گا جس سے نیشنل پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔
انہوں نے ولید صالح بلوچ کو قومی شہید قرار دیتے ہوئے نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور پنجگور کے عوام سے چہلم اور تعزیتی ریفرنس میں بھرپور شرکت کرکے قاتلوں کو یکجہتی کے ذریعے پیغام دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بقا اتحاد اور یکجہتی میں ہے؛ اگر ہم متحد اور ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے تو کوئی ہمارا بال بیکا بھی نہیں کر سکتا، ورنہ جس آگ نے ہمارے گھر کو لپیٹ میں لیا وہ آہستہ آہستہ سب کے گھروں کی طرف بڑھ رہی ہے۔ آج میرا بھائی ولید شہید ہوا تو کل کسی اور کا بھائی اور بیٹا شہید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص پنجگور بدترین دور سے گزر رہا ہے، کسی کی جان محفوظ ہے نہ مال۔ عوام کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں، قاتلوں، ڈاکوؤں، چوروں اور بھتہ خوروں کے حوالے کیا گیا ہے، وہ جب چاہے کسی کو مار اور لوٹ کر چلے جاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، انتظامیہ اور پولیس کا کوئی وجود نہیں۔
40 دن ہونے کو ہیں میرے بھائی کے قاتلوں کا کوئی پتہ نہیں چل سکا، پتہ نہیں ظالموں کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔ ہم مظلوم اور امن پسند لوگ ہیں لیکن بلوچستان وہ بدقسمت خطہ ہے جہاں سیاست اور خدمت کا صلہ لاشوں کی صورت میں دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری شرافت اور سرزمین سے کمٹمنٹ اور محبت کا ثبوت تاریخ دے گی، جن لوگوں نے ہمارا گھر اجاڑا پروردگار ان کی نسلوں تک کو اجاڑ دے۔

WhatsApp
Get Alert