’’ اگر میری زندگی پر کبھی کوئی فلم بنی تو ‘‘۔۔۔دھرمیندر نے کس بھارتی اداکار کو اپنے جیسا کہا تھا ؟

ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ میں لیجنڈری اداکار دھرمیندرنے بالی ووڈ کے کس بھارتی اداکار کو اپنے جیسا کہا تھا، اور انکی آخری خواہش کیا تھی ؟ اس حوالے سے ان کے کئی انٹرویوزاور ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں ۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق ان کے ماضی میں دیئے گئے 2 مختلف انٹرویوز کے کلپ سامنے آئے ہیں جس میں اداکار اپنی خواہشات کا ذکر کر رہے ہیں۔
دھرمیندر نے 2007 میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں شراب نوشی کی عادت ترک کرنے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر قابو پانے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑی۔انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ میں نے 8 سال قبل شراب چھوڑ دی تھی اور اس فیصلے نے میری زندگی بدل دی۔ اگر آپ اپنی ظاہری شکل و صورت، اپنی طاقت اور سوچ کو بہتر رکھنا چاہتے ہیں تو یہ بہت بری چیز ہے۔ یہ آپ کی شکل و صورت، آپ کی سوچ پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔ کاش میں نے کبھی شراب کو ہاتھ نہ لگایا ہوتا۔ اگر میں نے کبھی اسے ہاتھ نہیں لگایا ہوتا تو آج میری زندگی مختلف ہوتی۔ میں ایک مختلف دھرمیندر ہوتا۔
اس کے ساتھ ہی ایک اور ویڈیو کلپ بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اداکار سلمان خان کو اپنا بیٹا قرار دیتے ہوئے اپنی بائیوپک میں انہیں کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
لیجنڈری اداکار نے 2015 میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں سلمان خان سے کہا تھا کہ ’’تو میرا بیٹا ہی ہے، تو مجھ پر ہی گیا ہے۔ااگر میری زندگی پر کبھی کوئی فلم بنی تو اس میں میرا کردار سلمان خان سے بہتر اور کوئی نہیں نبھاسکتا۔ اس کی شخصیت مجھ سے ملتی جلتی ہے‘‘۔
