وزیر اعظم کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں،مولانا ہدایت الرحمٰن
گوادر (قدرت روزنامہ)گوادر میں احتجاج کرنے والی ’بلوچستان کو حق دو تحریک‘ کے روحِ رواں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے تو مثبت سمجھتے ہوئے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ ہم ضدی لوگ نہیں ہیں، مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے مسائل حل ہوں تو ہم سے زیادہ خوشی کسے ہو گی، مسئلہ عمل درآمد کا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نوٹس لیا ہےتو عمل درآمد کی توقع ہے، امید ہے پوری ہو گی۔دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں نے گوادر کے ماہی گیروں کے جائز مطالبات کا نوٹس لے لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹرالرز کے ذریعے غیرقانونی ماہی گیری کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔وزیرِ اعظم کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ غیر قانونی ٹرالرز سے مچھلی کے شکار پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے بات کروں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 27 روز سے گوادر میں ’بلوچستان کوحق دو تحریک‘ کا دھرنا جاری ہے جس نے تاریخ رقم کر دی ہے۔گزشتہ روز گوادر میں ہزاروں افراد کی تاریخی احتجاجی ریلی میں سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا، دھرنے کی کمان خواتین نے سنبھال رکھی تھی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عزتِ نفس کی بحالی اور بنیادی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے، صوبائی حکومت کو بہانے تلاش کرنے کا موقع نہیں دیں گے، حق لے کر رہیں گے۔بلوچستان کے ممتاز سیاستدان عبدالحکیم لہڑی اور سابقہ صوبائی وزیر میر اسلم بلیدی نے دھرنے میں شرکت کر کے تحریک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔