حکومت بلوچستان کا ہائی اسکولوں اور کالجز میں فائبر آپٹک کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ

تعلیمی اداروں اور دفاتر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مضبوط کر رہے ہیں، سیکرٹری سائنس و آئی ٹی محمد ایاز مندوخیل


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) حکومت بلوچستان نے صوبے کے تمام اضلاع میں ہائی اسکولوں، کالجز اور اہم سرکاری دفاتر میں فائبر آپٹک کیبلز اور ڈیجیٹل ریڈیو سسٹم (DRS) کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی سیکرٹری سائنس و آئی ٹی محمد ایاز مندوخیل نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا اور تیز رفتار انٹرنیٹ کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کے فوائد عوام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہر ضلع میں تمام ہائی اسکولوں، کالجز اور دیگر اہم سرکاری دفاتر کی تفصیلی معلومات جمع کی جائیں گی تاکہ فائبر آپٹک کنیکٹیویٹی بآسانی فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنرز سے درخواست کی گئی ہے کہ اپنے اضلاع میں موجود ہائی اسکولوں، کالجز اور دیگر اہم دفاتر کے نام، جی پی ایس کوآرڈینیٹس اور دیگر متعلقہ معلومات فراہم کریں تاکہ منصوبے کی شفاف اور موثر تکمیل ممکن ہو سکے۔صوبائی سیکرٹری سائنس و آئی ٹی نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ سرکاری دفاتر کی ڈیجیٹل سروسز کی استعداد بھی بڑھائی جا سکے گی، جو صوبے کی مجموعی ترقی اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert