اسپیکر قومی اسمبلی کہیں اور سے ہدایات لیتے ہیں، میں انہیں حوالدار اسپیکر کہتا ہوں، محمود خان اچکزئی


اسلام آباد (ڈیلی قدرت) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں محمود خان اچکزئی، اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر نے حکومت اور اسپیکر قومی اسمبلی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے خاتمے کا دعویٰ کر دیا۔ محمود خان اچکزئی نے اسپیکر کو “حوالدار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہیں اور سے ہدایات لیتے ہیں، انہوں نے 26 نومبر کے واقعات پر وزیراعظم شہباز شریف، محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد سمیت عسکری کمانڈرز کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا اور واضح کیا کہ آئین پر حملہ کرنے والا کوئی بھی ہو، اس کا راستہ روکا جائے گا۔ اسد قیصر نے ہری پور ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کے نتائج کو کمپیوٹر پر تبدیل کرکے عوام کا حقِ رائے دہی چھین لیا گیا ہے، جو کہ 26ویں اور 27ویں ترامیم کے ذریعے آئین کی تدفین کے مترادف ہے، انہوں نے 2 دسمبر کو کوئٹہ میں جلسے اور اے پی سی بلانے کا بھی اعلان کیا۔ دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سسٹم کے اندر رہ کر جدوجہد کی کوشش کی اور پارلیمنٹ کو نہیں چھوڑا مگر ہری پور میں جیتی ہوئی سیٹ کو ہار میں بدلنے کے بعد اب بانی پی ٹی آئی شاید مزید انہیں اس اسمبلی کا حصہ رہنے کی اجازت نہ دیں۔

WhatsApp
Get Alert